ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ’ڈپٹی کمشنر کے قدم دیہات کی طرف ‘‘ پروگرام کا بھٹکل سے آغاز؛ سرکاری اسکیمات کو عوام تک پہنچانے اورعوامی مسائل حل کرنے سنجیدہ کوشش

’ڈپٹی کمشنر کے قدم دیہات کی طرف ‘‘ پروگرام کا بھٹکل سے آغاز؛ سرکاری اسکیمات کو عوام تک پہنچانے اورعوامی مسائل حل کرنے سنجیدہ کوشش

Sat, 20 Feb 2021 18:03:02    S.O. News Service

بھٹکل:20؍فروری (ایس اؤ نیوز) حکومت کرناٹک کی طرف سے جاری  ’ڈپٹی کمشنر کے قدم دیہات کی طرف ‘‘ پروگرام کا ضلع اُترکنڑا میں  آج سنیچر کو  بھٹکل سے آغاز کیا گیا جس میں بھٹکل کے ہاڈولّی دیہات پہنچ کر اُترکنڑا کے ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن نے دیہات کے ایک عام  اڈھیڑ عمر والی خاتون کو  اسٹیج پر مدعو کرتے ہوئے   چراغ جلا کر پروگرام کا افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں  ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ  حکومت کی طرف سے جاری یہ پروگرام ایک معنی خیز اور بہترین  پروگرام ہے ، عوام کو چاہئے کہ وہ اس کا بہتر استعمال کریں ۔ عوام کو شکایت  ہوتی ہے کہ ضلعی  انتظامیہ ، روینیو محکمہ  اور  افسران عوام سے کافی دور ہے۔ خاص کر اترکنڑا ضلع میں حکومت کے کسی بھی منصوبے اور اسکیم کے  نفاذ کو لےکر کافی دقتیں ہوتی ہیں  اور چھوٹےموٹے کاموں کے لئے بھی دیہاتوں کے عوام کو  ضلعی مرکز اور تعلقہ مرکز کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔ ایک عام آدمی کےلئے ضلعی مرکز کاروار پہنچنے کے لئے سیکڑوں روپئے خرچ کرکے  تین  چار گھنٹےسفر کرنا پڑتا ہے۔ بسوں کا ٹھیک سے  انتظام نہ ہونے سے  عوام کی مشکلات  میں  مزید اضافہ ہوتا ہے  ان سب اخراجات وغیرہ کے  علاوہ  غریب اور مزدوروں کی اُس دن کی کمائی بھی برباد ہوجاتی ہے۔ ڈی سی نے بتایا کہ انتظامیہ اور افسران عوام سے کافی دور ہونے کی شکایتیں عام ہیں، اس کو دورکرنےکے لئے حکومت نے اس طرح  کے پروگرام کا انعقاد کیا ہے، پروگرام کے تحت  آفسران پورا دن دیہات میں موجود رہتےہوئے  عوام کے مسائل کو حل کرنےکی  ایماندارانہ کوشش کریں گے۔ 

ہاڈولی دیہات کی آبادی  3486 ہے، جس طرح آج یہاں ہاڈولّی  دیہات میں عوام کے مسائل کو سمجھنے اور اسے حل کرنے کی کوشش کرنے ہم  پہنچے ہیں اسی طرح ضلع کے سبھی تعلقہ جات کے تحصیلدار  اور اسسٹنٹ کمشنر اپنے اپنے حدود کے ایک ایک دیہات میں صبح سےشام تک قیام کرتےہوئے متعلقہ دیہاتوں کے عوام کے  مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ڈی سی نے مزید بتایا کہ  روینیو محکمہ کے سبھی افسران بھی پورا دن اُسی دیہات میں  موجود رہتےہوئے عوامی مسائل پر توجہ دیں گے اور انہیں ممکنہ حد تک حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دیہی عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے تمام  مسائل کو  افسران کے سامنے رکھیں اور آپسی تعاون کے ذریعے مسائل کو حل کریں۔ انہو ں نے کہا کہ دیہی قیام کے دوران جہاں مسائل و شکایات کو حل کیاجائے گا وہیں حکومت کے مختلف محکمہ جات کے منصوبہ جات  اور اسکیموں کے متعلق بھی بیداری پیدا کی جائےگی۔ عوام افسران سے ضروری جانکاری حاصل کرسکتےہیں۔ اور کسی بھی اسکیم کے لئے دی گئی عرضی کی سہولیات کو بھی حاصل کرسکتےہیں۔

 بھٹکل تحصیلدار ایس روی چندرا نے دیہی قیام کے  پروگرام کی غرض وغایت بیان کی۔ پروگرام کے بعد ہاڈولی اور اطراف کے دیہی عوام نے ڈی سی کے سامنے اپنے اپنے مسائل پیش کئے، کئی  لوگوں نے تحریری طورپر اپنی شکایات پیش کیں۔ بھٹکل کے کارگزار اسسٹنٹ کمشنر ساجداحمد ملاسمیت مختلف محکمہ جات کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔


Share: